fbpx

گھر کی سجاوٹ: موسم ِ سرما کی مُناسبت سے انتہائی ضروری تبدیلیاں

ہر موسم کی اپنی  کچھ خصوصیات ہوتی ہیں  جن کے لحاظ  سے ہمیں بھی اپنےرہن سہن میں کچھ  تبدیلیاں   لانی پڑتی ہیں ۔یہ  موسمیاتی تبدیلیاں  ہماری زندگی میں ایک نیا پن   اور اکثر خوشگوار یت کا احساس لے کر آتی ہیں ۔ اگر یہ   موسمیاتی  تبدیلیاں    نہ ہوتیں توشاید ہم اپنی  زندگی  میں  بوریت اور تناومحسوس کریں ۔

سردیوں میں لوگ زیادہ تر وقت اپنے  گھروں کے اندر ہی   رہنا پسند کرتے ہیں ۔ اسی لئے موسم ِ سرما کی مُناسبت  سے ہمارے گھروں کو   بھی کچھ تبدیلیوں کی ضرورت ہوتی ہے ۔ اس بلاگ سے آپ کو مدد ملے گی کہ آپ کو اپنے گھر میں  کو ن سی تبدیلیاں لانے کی  ضرورت ہے ۔

ضروری مُرمت

ویسے تو پورا سال ہی ہمیں یہ دھیان رکھنا چاہیے کہ کہیں ہمارے گھر کو مرمت کی ضرورت تو نہیں ہے مگر چونکہ موسم ِ سرما میں بڑھتی ہوئی سردی کے پیش ِ نظر ہم  ضروری کاموں کو بھی ٹالتے رہتے ہیں ، اسی لئے گھر کی مُرمت جیسے مُشقت طلب کام ہمیں پہلے مکمل  کر  لینے چاہیے ۔ اگر گھر کی دیواروں میں دراڑیں پڑ گئی ہیں تو اُن کی مُرمت سب سے  ضروری ہے کیونکہ سردیوں میں ان جگہوں میں  اکثر زہریلے کیڑے مکوڑے بسیرا کر لیتے ہیں جو کہ کسی بھی وقت بڑے نقصان کا باعث بن سکتے ہیں ۔ اس کے علاوہ ، بجلی کی تاروں ، پانی  اور  نکاسی آب کے پائپوں  کو کسی ماہر سے   چیک کرالیں تاکہ بعد میں  آپ کوکوئی  مُشکل پیش نہ آئے ۔ گھر میں   ہوا  کی گردش اور اخراج کا بھی مکمل انتظام کرالیں  کیونکہ سردیوں میں ہم زیادہ تر گھر کی کھڑکیاں اور دروازے بند رکھتے ہیں جس کی وجہ سے گھرمیں تازہ ہوا کی کمی پیدا ہو سکتی ہے۔ کھڑکیو ں اور دروازوں کے شیشے بھی چیک کرلیں تاکہ گھر کو گرم رکھنے میں کوئی رکاوٹ  پیش نہ آئے ۔

پینٹ کی تبدیلی

اگر آپ کے گھر کا پینٹ اُکڑا ہوا ہے تو اُسے ابھی سے ٹھیک  کرالیں کیونکہ سردیوں کی وجہ سے  پینٹ  کو سوکھنے میں زیادہ وقت لگے گا۔ اگر آپ نے پُورے گھر کا پینٹ تبدیل   کرانا ہو تو موسم ِ سرما کی مُناسبت  سے گھر کو گہرے رنگوں میں پینٹ کرائیں کیونکہ گہرے رنگ آپ کے گھر سردی کی شدت کو کم کرنے میں مدد دیں  گے اور آپ کے مہمانوں کو بھی اپنائیت اور خوشگواریت کا احساس ہوگا ۔

آتشدان اور چمنی کی صفائی

اگر آپ کے گھر میں کوئی آتشدان ہے تو  موسم ِ سرما کی آمد  سے  پہلے ، آتشدان اور چمنی کی صفائی انتہائی ضروری کاموں میں سے ایک ہے، کیونکہہوسکتا ہے کہ   موسم ِ گرما میں آتشدان کا  استعمال نہ ہونے کی وجہ سے  چمنی میں پرندوں نے  بسیرا کر لیا ہو ۔

فرنیچر کی سیٹنگ میں تبدیلی

موسم کی تبدیلی کے ساتھ ہی ، فرنیچر کو رکھنے کی جگہوں میں تبدیلی لانے کی ضرورت پڑتی ہے ۔ جیسا کہ اگر آپ کے گھر میں کوئی  آتشدان  ہے، تو صوفے کُرسیاں یا کھانے کی میز آتشدان   کےقریب لے آئیں ۔ اپنے پلنگ کو کھڑکیوں سے دور لے جائیں تاکہ رات میں کھڑکیوں سے آنے والی ہلکی سی ہوا کی ٹھنڈک کے  اثرات سےبھی  بچا جاسکے ۔ اگر آپ نے کمروں  کے اندر کوئی گملے  رکھےہیں  تو کوشش کریں کہ اُنہیں باہر لان میں لے جائیں تاکہ اُنہیں ضروری دھوپ ملتی رہے جسکی شدت سردیوں میں کم ہو جاتی ہے، اور  جب اُنہیں پانی دیا جائے تووہ گھر کی ٹھنڈک میں اضافے کا باعث نہ بنے۔

موٹے پردے اور چادروں کا استعمال

سرما کی آمد سے پہلے کھڑکیو ں اور دروازوں پر موٹے پردے لگا دیں اور ہلکے پردوں کو دھو کر گرمیوں کے موسم میں استعمال کیلئے رکھ لیں ۔ بستروں کے چادروں کیلئے بھی موٹے کپڑے کا استعمال کریں۔  

 گھر کی صفائی

سرما کی آمد سے پہلے قالینوں ، پردوں اور صوفوں کی صفائی ودُھلائی کا انتظام کرلیں تاکہ سردیوں میں آپ کا واسطہ  پانی والے کاموں سے کم ہی پڑے  اور آپ بیمار ہونے سے بچ  جائیں۔   الماریوں کی گہری صفائی کا   بندوبست کریں ۔ الماریوں کی صفائی کرتے ہوئے، اپنے پاس دو ٹوکریاں رکھیں ۔ ایک ٹوکری میں گرمیوں کے وہ کپڑے رکھتے جائیں جو کہ اگلی گرمیوں میں استعمال کے قابل ہیں اور دوسری ٹوکری میں وہ کپڑے رکھتے جائیں جن کی  اب آپ کو ضرورت نہیں ، تو ایسے کپڑوں کو کسی کو دے دیں یا ان کو کسی اور کام میں استعمال میں  لانے کی کوشش کریں ۔ موسمِ سرما کے اختتام پر بھی ایسی ہی گہری صفائی کا   بندوبست کریں، جس کی وجہ سے آپ کو غیر ضروری کپڑوں اور دوسری چیزوں سے چھٹکارہ مل سکے ۔ اس بات کا دھیان رکھیں کہ ،سرما کے اختتام پر قالین اُٹھا کر گھر کی صفائی کریں کیونکہ اکثر زہریلے کیڑے مکوڑے سردی سے بچنے کیلئے قالینوں کے نیچے بھی پناہ لے لیتے ہیں ۔